مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
مشرق وسطیٰ میں ایران کے خلاف امریکی جنگ سے متعلق خدشات میں دوبارہ اضافے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، اور کاروباری سرگرمیوں کے اختتام پر تیل کی دونوں بڑی اقسام تقریباً 4 فیصد مہنگی ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 4.08 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 4.1 فیصد بڑھ کر 104.28 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 3.21 ڈالر اضافے کے بعد 91.49 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جو 3.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
کاروبار کے دوران دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں ایک موقع پر 5 ڈالر فی بیرل سے بھی زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ ممکنہ امریکی حملوں کے خدشات کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 29 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب ایران کے ساتھ جاری تنازع آٹھویں ماہ میں داخل ہونے کے بعد خلیجی خطے اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت کو درپیش خطرات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں پر حملوں کی تعداد جنگ شروع ہونے کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ۔
جبکہ اس دوران خلیجی ممالک کی جانب سے تیل کی برآمدات میں اضافہ بھی کیا گیا۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی توانائی کی فراہمی اور تیل کی قیمتوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.