ریاض پر حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام، ملبہ گرنے سے اسکول اور میڈیکل کمپلیکس متاثر
حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم اتحادی افواج نے میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا۔رپورٹس کے مطابق ریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو سعودی اتحادی افواج نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔ میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک اسکول اور میڈیکل کمپلیکس کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر خمیس مشیط میں بھی اتحادی افواج نے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی مار گرایا۔ اس سے قبل ریاض اور ابہا ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں تین افراد جاں بحق اور ایک پاکستانی شہری سمیت 28 افراد زخمی ہوگئے تھے۔دوسری جانب یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف حکومتی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
باب المندب اور بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں فریقین کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ادھر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی حملوں کی مذمت کی ہے۔
تنظیم نے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔او آئی سی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
تنظیم نے سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور وہاں مقیم شہریوں سمیت تمام افراد کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.