خیبرپختونخوا کی سکیورٹی پر وزیراعظم کا اہم اجلاس آج طلب، ایمرجنسی کے نفاذ پر غور متوقع
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا، جس میں اہم وفاقی وزراء اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے
۔اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کے حکام خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال، سکیورٹی چیلنجز اور ممکنہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
اگر ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری حاصل کرنے کا امکان ہے، جس کے لیے وزیراعظم کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرسکتے ہیں۔اس سے قبل سامنے آنے والی تجاویز میں سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور بعض اہم اختیارات وفاقی حکومت کے استعمال میں دینے کے امکانات پر غور کیے جانے کا ذکر کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکلز 232 سے 234 کے تحت دستیاب اختیارات اور متعلقہ قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جاسکتا ہے، جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔تاہم، اجلاس کے حتمی فیصلوں اور ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے تاحال باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.