ریاض ایئرپورٹ پر میزائل حملہ، پاکستانی شہری جاں بحق، 11 افراد زخمی
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایئرپورٹ پر ہونے والے پروجیکٹائل حملے میں ایک پاکستانی شہری زندگی کی بازی ہار گیا، جبکہ زخمی ہونے والے 11 افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حملے کے باعث ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کی نوعیت اور مالیت کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز بھی ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جن میں 13 افراد کی ہلاکت اور 300 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی گئی تھی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے دوران 6 پاکستانی شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانہ متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.