پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس کی سکیورٹی اپ گریڈ کرنے کے لیے 12 ارب روپے مختص
پاکستان میں ہوائی اڈوں کی سکیورٹی کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کے لیے 12 ارب روپے کے منصوبے پر پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے ایئرپورٹس پر جدید سکیورٹی آلات نصب کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں مسافروں کے ہینڈ کیری اور جہازوں کے سامان کی جانچ کے لیے جدید سی ٹی اسکینرز بھی خریدے جائیں گے۔
منصوبے میں مسافروں کی مؤثر اسکریننگ کے لیے فل باڈی اسکینرز، جبکہ کارگو اور گاڑیوں کی تلاشی کے لیے جدید اسکیننگ سسٹمز کی تنصیب بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایوی ایشن سکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید مواصلاتی آلات بھی حاصل کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایئرپورٹس پر سکیورٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے مسافروں کی اسکریننگ کے عمل میں بہتری، سہولیات میں اضافے اور ایئرپورٹس کی مجموعی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کی توقع ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.