پاکستانی فری لانسرز کی ریکارڈ کامیابی، ایک ماہ میں 197 ملین ڈالر کما لیے
اسلام آباد: پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی فری لانسرز نے ستمبر 2026 کے دوران ملکی تاریخ کی بلند ترین ماہانہ برآمدی آمدن حاصل کرلی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں فری لانسرز کی برآمدی آمدن 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں آمدن میں 49 فیصد جبکہ اگست 2026 کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے مجموعی طور پر 55 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں برآمدی آمدن میں 46 فیصد اضافہ ہوا۔سرکاری ڈیٹا میں مزید بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستانی فری لانسرز کی مجموعی برآمدی آمدن ایک ارب 76 کروڑ ڈالر رہی۔فری لانسرز کی آمدن میں یہ اضافہ پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے میں بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں اور عالمی آن لائن مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کی خدمات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.