مصنوعی ذہانت، مہنگائی اور بڑھتے قرضے عالمی معیشت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں: سربراہ آئی ایم ایف
واشنگٹن: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے عالمی معیشت کو درپیش اہم خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت، بڑھتی ہوئی مہنگائی، قرضوں کے بڑھتے بوجھ اور موسمیاتی تبدیلی کو بڑے چیلنجز قرار دیا ہے۔
ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ توانائی اور مالی وسائل کی محدود دستیابی عالمی معیشت پر دباؤ میں اضافے کا سبب بن رہی ہے، جبکہ مہنگائی اور شرح سود بلند ہونے سے قرضوں کی ادائیگی بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، تاہم اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے دوران عام شہریوں اور کاروباری اداروں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔آئی ایم ایف کی سربراہ نے مرکزی بینکوں پر زور دیا کہ وہ مہنگائی کو قابو میں رکھنے اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں۔
کرسٹالینا جارجیوا نے سائبر حملوں اور مالی دھوکا دہی کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق عالمی معیشت کو درپیش ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسیوں اور محتاط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.