آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

بجلی صارفین کیلئے اہم پیش رفت، 200 یونٹ سے تجاوز پر اضافی چارجز ختم کرنے پر غور

Super Admin


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کے 200 یونٹ کی حد معمولی مقدار سے عبور کرنے پر صارفین کو مسلسل 6 ماہ تک اضافی چارجز ادا کرنے کے مسئلے کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سینیٹ اجلاس کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیرف کے باعث صارفین پر پڑنے والے مالی بوجھ کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اس موقع پر سینیٹر عابد شیر علی نے کہا کہ اگر کوئی صارف 200 کے بجائے 201 یونٹ بجلی استعمال کرے تو اس کا فی یونٹ ٹیرف 15 روپے سے بڑھ کر 30 روپے تک پہنچ جاتا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ صرف ایک اضافی یونٹ استعمال کرنے والے صارف کو زیادہ یونٹس والے سلیب کے مطابق بل کیوں ادا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے باعث غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں کئی ماہ تک اضافی بلوں کا بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔عابد شیر علی کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ 200 یونٹ کی حد سے معمولی تجاوز پر 6 ماہ تک اضافی چارجز عائد ہونے کے معاملے کو ختم کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ 200 یونٹ کی حد بڑھا کر 250 یونٹ بھی کی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد تقریباً 2 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس تمام طبقے کو یکساں رعایت دینا مناسب نہیں، کیونکہ اس میں ایسے صارفین بھی شامل ہیں جن کے گھروں میں سولر سسٹم نصب ہیں اور اس وجہ سے ان کی بجلی کی کھپت کم رہتی ہے۔اویس لغاری نے مزید کہا کہ حکومت ایسے صارفین کو رعایت دینے کے لیے اقدامات کرے گی جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، تاکہ بجلی کے بلوں میں ریلیف مستحق افراد تک پہنچایا جا سکے۔

 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.