وزیراعظم شہباز شریف کی آئینی مدت مکمل ہونے کے لیے دعا گو ہوں: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور ان کی دعا ہے کہ وہ اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کریں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو معاشی بحران سے نمٹنے اور بحالی کے منصوبوں پر یکسوئی سے کام کرنے کا موقع ہی فراہم نہیں کیا گیا، کیونکہ روایتی سیاست میں وزیراعظم کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا رجحان عام ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ جب بھی وزیراعظم معاشی مشکلات کے حل کے لیے کوئی لائحہ عمل ترتیب دیتے ہیں تو کوئی نہ کوئی وزیر اپنا الگ ایجنڈا سامنے لا کر معاشی بحران سے توجہ ہٹا دیتا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیراعظم بنوایا اور ایک بار ان کی کابینہ کا حصہ بھی رہے، جبکہ شہباز شریف اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا جسے ان کی ٹیم نے انتھک محنت سے بچایا۔
خطے کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جنگ چھڑنے کے بعد وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کیں، تاہم تمام تر توجہ جنگی صورتحال پر مرکوز ہونے کی وجہ سے وزیراعظم کو معاشی مسائل حل کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پسند ہو یا ناپسند، ملکی مسائل کے پائیدار حل کے لیے مولانا فضل الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر قومی مفاد مقدم نہ ہوتا تو وہ بھی بانی پی ٹی آئی کے خلاف سخت رویہ برقرار رکھنے کی بات کرتے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.