سردیوں میں بجلی صارفین پر مہنگائی کا نیا بوجھ پڑنے کا خدشہ، تین ماہ مشکلات بڑھنے کا امکان
اسلام آباد: دسمبر، جنوری اور فروری کے مہینے بجلی صارفین کے لیے مالی مشکلات کا سبب بن سکتے ہیں، کیونکہ سردیوں کے دوران بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق آئندہ تین ماہ کے دوران فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ موجودہ سطح کے مقابلے میں 2 سے 3 گنا تک بڑھ سکتی ہے، جس سے بجلی کے بلوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ایل این جی، کوئلے اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب سردیوں میں پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی بھی ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔حکام کے مطابق سرد موسم میں مقامی گیس کی دستیابی محدود ہونے کے باعث گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے، جبکہ اس دوران پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث بجلی بنانے کے لیے مہنگے متبادل ایندھن پر انحصار کرنا پڑے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی بلند قیمتیں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران دو گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے بجلی کی پیداواری لاگت اور صارفین پر اضافی مالی بوجھ کم رکھنے کی کوشش کی گئی، تاہم اب عالمی مارکیٹ میں ایل این جی سمیت دیگر ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافے نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.