یورپی ممالک میں سائبر حملوں کی لہر، سپرمارکیٹس کے فریج اور کولنگ سسٹم مفلوج
یورپ کے مختلف ممالک میں سائبر حملوں کے باعث سپرمارکیٹس کے ریفریجریشن اور کولنگ سسٹم متاثر ہوگئے، جس سے خوراک کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق سائبر حملوں کی زد میں سویڈن، بیلجیم اور لکسمبرگ کے اسٹورز آئے ہیں، جبکہ آئرلینڈ کے 13 اور بیلجیم کے 15 سپرمارکیٹس میں کولنگ سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا۔
اطلاعات کے مطابق سویڈن میں بعض فریزرز کا درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا پہنچا، جس کے باعث اشیائے خورونوش کے خراب ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ یورپی حکام نے بھی ان واقعات کے بعد خوراک کی فراہمی اور اسٹورز کے نظام پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر تشویش ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فرانس میں بھی سپرمارکیٹس کے ریفریجریشن سسٹم کو سائبر حملوں کے ذریعے نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے تھے۔دوسری جانب اسرائیل میں بھی اسی نوعیت کے سائبر حملوں کے خدشات کے پیش نظر سپرمارکیٹس اور فوڈ کمپنیوں کو احتیاطی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ان واقعات نے یورپ سمیت دیگر ممالک میں خوراک کی ترسیل اور ذخیرہ کرنے کے نظام کو سائبر حملوں سے محفوظ بنانے کی اہمیت کو مزید اجاگر کردیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.