ٹرمپ انتظامیہ کا ایران جنگ ختم کرنے کیلئے سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے پر غور
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایرانی سخت گیر رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے اس حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران کی سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے کی تجویز پہلے بھی زیر غور آ چکی ہے، تاہم گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس منصوبے پر زیادہ سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
امریکی عہدیدار کے مطابق اس حکمت عملی کے تحت سخت گیر ایرانی رہنماؤں کو ہدف بنا کر دیگر قیادت کو جنگ ختم کرنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب عالمی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے کا نتیجہ توقعات کے برعکس بھی نکل سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات سے ایران کی نسبتاً مصلحت پسند قیادت بھی سخت مؤقف اختیار کر سکتی ہے، جبکہ اعلیٰ قیادت پر حملوں کی صورت میں مذاکرات کے امکانات مزید محدود ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال ایرانی سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.