پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرائے 5 فیصد کم کر دیے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے سے بھی عوام کے لیے ریلیف کا اعلان سامنے آگیا۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چار سے پانچ روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں پانچ فیصد کمی کی جا رہی ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے اس فیصلے پر وزیراعظم اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔
واضح رہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 352 روپے 59 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیزل بھی 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.