پاکستان ریلوے نے 100 ارب روپے کی آمدن کا سنگ میل عبور کرلیا، اب 160 ارب کا ہدف مقرر: حنیف عباسی
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کی آمدن حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کرلیا ہے، جبکہ ادارے کا اگلا ہدف ریونیو کو 160 ارب روپے تک پہنچانا ہے۔
راولپنڈی میں عوام ایکسپریس کی نئی بوگیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس کی حالت پہلے انتہائی خراب تھی، تاہم اب اس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر ٹرینوں کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ قراقرم اور ملت ایکسپریس میں سامنے آنے والے مسائل کو بھی حل کرلیا گیا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت دیگر اداروں کی طرح پاکستان ریلوے کے مختلف شعبوں کو بھی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ کی پالیسی کے تحت آگے بڑھا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ریلوے اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے، تاہم ملازمین کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے مواقع میسر آرہے ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان ریلوے نے صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے۔ ادارے کی آمدن میں اضافے کے بعد اب 160 ارب روپے کا ریونیو ہدف حاصل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے برانچ روٹس پر ٹرین سروس بحال کرنے کے حوالے سے بات کی گئی، جس پر انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ رواں سال چار جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید چار برانچ روٹس پر ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
حنیف عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ اس حوالے سے معاہدے طے پاچکے ہیں، جبکہ سندھ حکومت بھی اگر برانچ روٹس کو دوبارہ فعال کرنا چاہے تو پاکستان ریلوے اس سلسلے میں مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.