2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بننے کا امکان، پیو ریسرچ سینٹر کی اہم رپورٹ جاری
واشنگٹن: معروف امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کے ایک تازہ جائزے میں عالمی مذہبی آبادی کے تناسب میں نمایاں تبدیلی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے مطابق 2035 تک مسلمانوں کی مجموعی آبادی عیسائیوں سے تجاوز کر جائے گی اور اسلام عالمی سطح پر سب سے بڑا مذہب بن کر ابھر سکتا ہے۔
رپورٹ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ آئندہ دہائیوں میں اگرچہ مسلمانوں اور عیسائیوں دونوں کی آبادی بڑھے گی، تاہم مسلم آبادی میں اضافے کی شرح عیسائیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز رہے گی۔
پیو ریسرچ سینٹر کے اندازوں کے مطابق سنہ 2035 تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد لگ بھگ 2 ارب 57 کروڑ ہو جائے گی، جبکہ اس کے مقابلے میں عیسائیوں کی آبادی تقریباً 2 ارب 52 کروڑ تک محدود رہنے کا امکان ہے۔
اس تحقیق میں مسلم آبادی کے تیزی سے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات نوجوانوں کی بڑی تعداد اور نسبتاً بلند شرحِ پیدائش کو ٹھہرایا گیا ہے۔
جائزے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مستقبل میں پاکستان دنیا کا سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے؛ اندازہ ہے کہ 2070 تک پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 46 کروڑ تک جا پہنچے گی، جس سے وہ آبادی کے لحاظ سے انڈونیشیا سے بھی آگے نکل جائے گا۔
دوسری طرف، رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ عیسائی آبادی کے حوالے سے کانگو امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں سب سے زیادہ عیسائی آبادی رکھنے والا ملک بن سکتا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.