آئل کمپنیوں کی جانب سے پیٹرولیم لیوی قومی خزانے میں دیر سے جمع کرانے کا انکشاف
شہریوں سے ایندھن کی خریداری پر وصول کی جانے والی پیٹرولیم لیوی بروقت سرکاری خزانے میں منتقل نہ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے عوام سے جمع کیے گئے 3 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد فنڈز 4 ماہ تک روکے رکھے، جبکہ تاخیر کی مد میں عائد ہونے والا 4 کروڑ 63 لاکھ روپے کا سرچارج بھی وصول نہیں کیا جا سکا۔ رپورٹ میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آئل کے نگرانی کے نظام پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صارفین نے پیٹرول اور ڈیزل بھرواتے وقت ٹیکس کی ادائیگی فوری کی، تاہم یہ رقم سرکاری خزانے تک پہنچنے میں چار ماہ کا وقت لگ گیا۔ چار نجی و سرکاری آئل کمپنیوں نے عوام سے اکٹھے کیے گئے اربوں روپے تقریباً چار مہینے تک اپنے اکاؤنٹس میں رکھے، جس سے نہ صرف خزانے کو رقم تاخیر سے ملی بلکہ قوانین کے مطابق واجب الادا جرمانہ بھی وصول نہ کیا گیا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے پیٹرولیم ڈویژن کی مالی سال 2025-26 کی آڈٹ رپورٹ میں ان مالی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کیا ہے۔
آڈٹ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ 4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 3 ارب 40 کروڑ 52 لاکھ 38 ہزار روپے تاخیر سے جمع کروائے۔ آڈٹ حکام نے 61 مختلف کیسز میں ان کمپنیوں کی ادائیگیوں کا ریکارڈ چیک کیا، جس سے معلوم ہوا کہ تاخیر سے ادائیگی کے باوجود 4 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد کا لیٹ پیمنٹ سرچارج وصول نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی بروقت وصولی کے لیے مؤثر مانیٹرنگ نہ ہونے کی وجہ سے قومی خزانے کو نقصان اٹھانا پڑا، اور تاخیر پر سرچارج وصول نہ کرنا پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ معاملہ اکتوبر 2025 میں پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام کے علم میں بھی لایا گیا تھا، جس کے بعد آڈٹ حکام نے تاخیر کی مرتکب کمپنیوں سے واجب الادا سرچارج فوری وصول کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.