آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

مخصوص نشستیں قانون کے مطابق ملیں، پیپلز پارٹی کو غلط الاٹ ہوئیں تو واپس کرے: رانا ثناء اللہ

Super Admin

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو مخصوص نشستیں قانون کے مطابق ملی ہیں، اگر پیپلز پارٹی کو یہ نشستیں غیرقانونی طور پر دی گئی ہیں تو اسے واپس کردینی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تشکیل کا معاملہ پارلیمنٹ میں آنے پر ہی مسلم لیگ (ن) اپنا مؤقف پیش کرے گی۔

رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاست میں ایک اہم حیثیت ہے اور وہ اپنے بیان کی وضاحت خود کرسکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان سے کسی نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بات نہیں کی۔ صوبے بنانے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے اور جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا تو مسلم لیگ (ن) اپنی رائے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک صوبوں کے قیام کا معاملہ پارلیمنٹ میں نہیں آتا، مسلم لیگ (ن) کو اس پر کوئی مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت نہیں۔ پیپلز پارٹی کو اگر مخصوص نشستیں غلط طریقے سے ملی ہیں تو وہ انہیں واپس کردے، کیونکہ مسلم لیگ (ن) کو نشستیں قانون کے مطابق ملی ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا یہ مؤقف درست ہے کہ کسی کو بھی ٹشو پیپر یا کاغذی وزیراعظم اور صدر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو ایک اچھے سیاستدان کی مثال بننا چاہیے تاکہ دیگر لوگ بھی ان کی تقلید کرسکیں۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم میں کسی کو استعمال نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان ترامیم کے ذریعے کسی کو ٹشو پیپر بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان میثاق جمہوریت طے پا چکا ہے، اس لیے سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر اختلافات اور مسائل حل کرنے چاہئیں۔

انہوں نے دہشت گردی کو ریاست کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اس کے خلاف بیانیہ اپنائے گا تو اسے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.