لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک دونوں صوبوں کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، چکوال، جہلم اور منڈی بہاء الدین میں بھی بارش برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور ملاکنڈ میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں اچانک طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری پی ڈی ایم اے مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔