روسی صدر کی مسعود پزشکیان سے ملاقات، دونوں ممالک کے اقتصادی و تجارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاقروسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو ایران کی جانب سے اپنے مفادات اور آزادی کے تحفظ کے لیے کی جانے والی جدوجہد کو سمجھتا ہے اور ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس اور ایران موجودہ فوجی و سیاسی صورتحال کے باوجود اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو برقرار رکھیں گے۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ ایران اپنے مفادات اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، تاہم افسوس ہے کہ اس سے قبل قائم ہونے والا امن زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکا۔ملاقات میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ اور اس کے نتیجے میں ایران پر عائد پابندیوں کے معاملے پر روس کے مؤقف پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ روس اور ایران اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک امریکا کے یکطرفہ جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایرانی صدر نے امریکا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے ایرانی طلبہ، بے گناہ نوجوانوں اور عام شہریوں کو قتل کیا، جبکہ اس کے اقدامات غیرقانونی ہیں۔