امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں ناکامی پارٹی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی، جس کے باعث سینیٹ میں اکثریت بھی ہاتھ سے نکل گئی۔

جے ڈی وینس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ایران جنگ انتخابی شکست کی اہم وجوہات میں شامل تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج توقعات کے برعکس سامنے آئے، جس سے پارٹی کو بڑا دھچکا پہنچا۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے بھی ریپبلکنز کی مقبولیت کو متاثر کیا۔

نائب صدر کے مطابق انتخابی ناکامی کے بعد پارٹی قیادت کو اپنی پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شکست کا ذمہ دار صرف ووٹرز کے کم ٹرن آؤٹ کو قرار دینا مناسب نہیں، بلکہ اصل مسئلہ صدر ٹرمپ کے سابق حامیوں کی ناراضی ہے۔

جے ڈی وینس کے بیان کے بعد ریپبلکن پارٹی میں انتخابی ناکامی کی وجوہات اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر نئی بحث شروع ہونے کا امکان ہے۔