(صوبائی 12 نشستوں پر سخت مقابلہ)امیدوار جیت کیلئے پرعزم ،آزاد بھی سرپرائز دینے کےدعویدار

ملتان ( خصوصی رپورٹر) ملتان میں صوبائی اسمبلی کی 12 نشستوں پر کانٹے دار مقابلے متوقع ،پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدوار جیت کیلئے پرعزم ،آزاد امیدوار بھی بڑا سرپرائز دینے کےدعویدار ،تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔سابق ممبران صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی ،رائے منصب علی ،ڈاکٹر اختر ملک ،ملک واصف راں ،شیخ سلمان نعیم ،ندیم قریشی ،رانا اعجاز نون ،ملک اکرم کنہوں ،رانا طاہر شبیر ،سمیت دیگر امیدواروں کے آئندہ سیاسی مستقبل کا فیصلہ آج ہوگا۔اس ضمن میں ملتان میں صوبائی اسمبلی کی 12 نشستوں پر آج کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں ،اس ضمن میں ملتا ن کے صوبائی حلقہ پی پی 213 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی حیدر گیلانی اور مسلم لیگ ن کے حاجی شوکت بوسن میں کانٹے دار مقابلہ متوقع کیا جارہا ہے تاہم دیگر جماعتوں اور آزاد حیثیت سے انتخابات لڑنے والے امیدوار بھی اس حلقہ سے جیت کے دعویدار ہیں ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 214 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بیرسٹر مدثر شاہ جو پیپلز پارٹی کے دیرینہ رہنما سید ناظم شاہ مرحوم کے صاحبزادے ہیں کا پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ وسیم خان بادوزئی اور مسلم لیگ ن کے شہزاد مقبول بھٹہ سے کانٹے دار مقابلہ متوقع کیا جارہاہے ۔اسی طرح صوبائی حلقہ پی پی 215پاکستان پیپلز پارٹی کے شکیل لابر ،پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ معین الدین ریاض قریشی اور مسلم لیگ ن کے شاہد محمود خان میں کانٹے دار مقابلہ متوقع کیا جارہاہے ۔اسی طرح صوبائی حلقہ پی پی 216 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ملک عدنان ڈوگر ،مسلم لیگ ن کے بابر شاہ اور آزاد امیدوار حاجی ندیم قریشی میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 217 میں صورتحال انتہائی دلچسپ ہے اور یہاں گھمسان کا رن متوقع ہے اس حلقہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر عوامی ورکر کلاس کے ملک رضوان عابد تھہیم ،مسلم لیگ ن کے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ طارق رشید ،پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی ندیم قریشی کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے تاہم حلقہ کے ذرائع کے مطابق رانا محمودالحسن کی سپورٹ کے باعث یہاں پیپلز پارٹی کے ملک رضوان عابد تھہیم بڑا اپ سیٹ کرسکتے ہیں ۔ملتان کے صوبائی حلقہ 218 میں بھی بڑا مقابلہ متوقع کیا جارہاہے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے حاجی رانا سجاد حسین پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ملک ظہور بھٹہ اور مسلم لیگ ن کے شیخ سلمان نعیم میں کانٹے دار مقابلہ متوقع کیا جارہا ہے اس حلقہ میں ماضی میں پی ٹی آئی کا اکثریتی ووٹ بنک ہونے سے اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کے رانا سجاد حسین اور پی ٹی آئی کے ملک ظہور بھٹہ کے مابین متوقع کیا جارہا ہے تاہم شیخ سلمان نعیم بھی سرپرائز دے سکتےہیں ۔ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 219 میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع کیا جارہاہے یہاں پیپلز پارٹی کے ملک واصف راں ،مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر اختر ملک اور پی ٹی آئی کے دلبر مہار میں مقابلہ ہوگا جو پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑ رہےہیں ۔ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 220 میں بھی دلچسپ ٹاکرا دیکھنے کو مل رہاہے یہاں مسلم لیگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے رانا اقبال سراج بڑا اپ سیٹ کرسکتے ہیں تاہم ان کے مدمقابل سینئر سیاستدان رائے منصب علی اور ہاشمی فیملی کے مخدوم زاہد بہار ہاشمی کے مابین بھی سخت مقابلہ متوقع کیا جارہا ہے ۔ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 221 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کامران عبداللہ مڑل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ مخدوم عامر اور مسلم لیگ ن کے میاں طارق عبداللہ مدمقابل ہیں جن میںکانٹے دار مقابلہ متوقع کیاجارہاہے ۔ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 222 میں بھی صورتحال دلچسپ ہوگئی ہے یہاں سابق ممبر صوبائی اسمبلی رانا اعجاز نون مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر جبکہ رانا طاہر شبیر پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں جبکہ یہاں آزاد امیدوار سید مجاہد علی شاہ بھی مذکورہ تمام امیدواروں کو ٹف ٹائم دینے کادعوی کررہے ہیں لہذا اس حلقہ میں ان امیدواروں میںکانٹے دار مقابلہ متوقع کیا جارہاہے ۔ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 223جلالپور پیر والا میں بھی امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع کیا جارہا ہے یہاں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر نغمہ مشتاق لانگ کے صاحبزادے ملک کرار لانگ ،قاسم خان لنگاہ گروپ کی خاتون امیدوار شازیہ عباس کھاکھی ،پیپلز پارٹی کے چوہدری آصف وڑائچ،دیوان گروپ کے مہدی عباس لنگاہ جبکہ جماعت اسلامی کے رشید حسام مقابلے میں ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حلقہ میںمسلم لیگ ن کے ملک کرار لانگ جو نغمہ مشتاق لانگے کے صاحبزادے ہیں کی پوزیشن دیگر امیدواروں کی نسبت بہتر تصو ر کی جارہی ہے تاہم ان کا مہدی عباس لنگاہ اور شازیہ عباس کھاکھی سے کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔ملتان کے آخری صوبائی حلقہ پی پی 224 میں مسلم لیگ ن کے لال محمد جوئیہ ،دیوان گروپ کے دیوان محمد عباس بخاری ،قاسم لنگاہ گروپ کے ملک اکرم کنہوں ،پیپلز پارٹی کے عمرفاروق کھاکھی جبکہ جماعت اسلامی کے شاہد بلوچ میں مقابلہ ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حلقہ میں دیوان گروپ کے دیوان محمد عباس بخاری ،قاسم لنگاہ گروپ کے اکرم کنہوں اور مسلم لیگ ن کے لعل محمد جوئیہ میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے اور یہ نشست ملک اکرم کنہوں یا دیوان محمد عباس میں سے کوئی ایک امیدوار جیتے کی پوزیشن میں ہے۔اس ضمن میں مذکورہ حلقوں میں انتخاب لڑنے والے امیدواروں نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں جن کے آئندہ کے سیاسی مستقبل کافیصلہ حلقوں کے ووٹرآج اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے کریںگے۔

اپنا تبصرہ لکھیں