پنجاب حکومت کا ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پروگرام، گھر کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کرنے کا اعلان
حکومت پنجاب نے کم آمدنی والے شہریوں کو اپنا گھر تعمیر کرنے میں سہولت دینے کے لیے ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اپنی چھت ہو، کیونکہ اپنا گھر انسان کو تحفظ، سکون اور عزت کا احساس دیتا ہے۔
انہوں نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے اور جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کے دکھ کا احساس ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پروگرام کے بعد پنجاب میں کسی بھی خاندان کو کمزور یا خستہ حال چھت کے باعث قیمتی جانوں کے نقصان جیسے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
مریم نواز شریف کے مطابق اس منصوبے کے تحت گھر کی تعمیر کے لیے شہریوں کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی واپسی 9 سال میں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قرض حاصل کرنے والوں کو ابتدائی 3 ماہ تک کوئی قسط ادا نہیں کرنا ہوگی، جبکہ اس کے بعد تقریباً 4 ہزار 700 روپے ماہانہ قسط کی صورت میں قرض واپس کیا جائے گا۔:::
تبصرے
Please keep the discussion respectful.