شوگر سیکٹر میں بڑی تبدیلی، نئی شوگر ملز کے قیام اور پیداواری صلاحیت کی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ
حکومت نے شوگر سیکٹر کو حکومتی کنٹرول سے نکال کر آزاد اور مسابقتی مارکیٹ نظام میں منتقل کرنے کے لیے اہم اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ نے تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی منظور کرلی۔
نئی پالیسی کے تحت چینی کے شعبے میں غیر ضروری حکومتی پابندیاں ختم کی جائیں گی اور کاروباری سرگرمیوں کو مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق چلانے کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس اقدام کے تحت شوگر ملوں کے قیام اور ان کی پیداواری صلاحیت سے متعلق پابندیاں بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق گنے کے کاشتکاروں کو اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کی آزادی حاصل ہوگی، جبکہ گنے کی قیمت کا تعین حکومتی مداخلت کے بجائے مارکیٹ میکنزم کے تحت کیا جائے گا۔
حکومتی فیصلے کے تحت چینی کی برآمد پر دی جانے والی سبسڈی بھی ختم کردی جائے گی۔ سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبوں نے نئی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے اتفاق کیا ہے۔
حکومت کے مطابق شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کا بنیادی مقصد غیر ضروری ریگولیٹری رکاوٹیں دور کرنا، کاشتکاروں کو اپنی فصل کی فروخت میں زیادہ اختیار دینا اور شوگر ملز مالکان سمیت تاجروں کے لیے کاروباری مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
اس پالیسی کے ذریعے شوگر انڈسٹری کو مسابقتی بنیادوں پر استوار کرنے اور چینی کے شعبے میں مارکیٹ کی طلب و رسد کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.