نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے، ریفرنڈم اور صوبوں پر بحث کو متنازع نہیں بنانا چاہیے: رانا ثناء اللہ
مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کو متنازع بنانے کے بجائے اسے پارلیمنٹ تک محدود رہنے دینا چاہیے تھا، کیونکہ صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمنٹ ہی میں ہونا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ محسن نقوی کو وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا اور ان کا احترام کیا ہے۔ محسن نقوی کی کارکردگی پر اپنی رائے دینا ان کا حق ہے، تاہم محسن نقوی کا ان کے مؤقف سے اتفاق کرنا ضروری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے صوبوں کے معاملے پر ابتدائی تقریر کی، جو درست نہیں تھی۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے متعلق ان کی گفتگو سے بھی اختلاف تھا۔ رانا ثناء اللہ کے مطابق محسن نقوی کو ان کی رائے سے اختلاف کرنے کا پورا حق حاصل ہے، تاہم نئے صوبوں کے حوالے سے جس فورم کا انتخاب کیا گیا، وہ اس سے متفق نہیں تھے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ کسی کے چہرے کو چھپانے یا دکھانے کی بات کرنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی صدر آصف علی زرداری کے بیٹے ہیں، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ صدر زرداری متعدد بار محسن نقوی کو اپنا منہ بولا بیٹا قرار دے چکے ہیں، تو کیا یہ ان کی بے عزتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا مؤقف دلائل کے ساتھ پیش کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر جب تک پارٹی کوئی فیصلہ نہیں کرتی، ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ اکنامک فورم میں ہونے والی تقاریر کے باعث صوبوں کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوا۔ ان کے بقول صوبوں کے قیام سے زیادہ اب نظام کی تباہی پر بحث ہو رہی ہے، حالانکہ اس بحث کو شروع کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام یا عدم قیام کی بحث کو اسی طرح جاری رہنے دینا چاہیے تھا اور اس معاملے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق اب صوبوں کا معاملہ ایک متنازع صورتحال اختیار کر چکا ہے، اگر یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آتا تو شاید اب تک اس پر فیصلہ ہو چکا ہوتا۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک فریق نے اپنے لیے واپسی کے راستے بند کر لیے ہیں، اس لیے اب اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔ دونوں فریق اپنے اپنے سخت مؤقف پر قائم ہیں، تاہم ان کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے یا کوئی قابل عمل راستہ نکالنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام کا معاملہ جب اس فورم پر آئے گا جہاں اس کا فیصلہ ہونا ہے تو مسلم لیگ (ن) بھی اپنا فیصلہ کرے گی۔ پارٹی جب اس معاملے پر غور کے لیے بیٹھے گی تو تمام افراد کو اپنی رائے پیش کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ رانا ثناء اللہ کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمنٹ میں ہی ہونا چاہیے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.