آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

آئی ایم ایف مذاکرات اہم مرحلے میں داخل، 200 یونٹ تک بجلی سبسڈی میں تبدیلی کی تجویز

Super Admin


اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان قرض پروگرام کی ایک ارب ڈالر سے زائد کی اگلی قسط کے حصول کے لیے مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن اور پاکستانی حکام کے درمیان میمورنڈم آف فنانشل اینڈ اکنامک پالیسیز کے مسودے پر اتفاق رائے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے لیے تجویز کردہ طریقہ کار پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی کے شعبے میں موجود تقریباً 1,675 ارب روپے کے گردشی قرضے پر بھی عالمی مالیاتی ادارے نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
مذاکرات کے دوران 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے موجودہ کراس سبسڈی کے طریقہ کار میں تبدیلی کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ تجویز کے مطابق سبسڈی کو براہِ راست اور ہدفی بنیادوں پر مستحق خاندانوں تک پہنچانے کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا طریقہ کار استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آئی ایم ایف مشن کی آئندہ چند روز میں پاکستان سے واپسی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر مشن کی روانگی تک پالیسی مسودے پر اتفاق نہ ہوسکا تو اسٹاف لیول معاہدے کے لیے ورچوئل مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.