کراچی بندرگاہ پر کھاد اور گندم کی بڑی کھیپ پہنچ گئی، 2 بحری جہازوں کو ترجیحی بنیادوں پر برتھ فراہم
کراچی: کراچی کی بندرگاہ پر گندم اور کھاد لے کر آنے والے دو بحری جہاز پہنچ گئے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر لنگر انداز ہونے کی سہولت فراہم کی گئی۔
کراچی پورٹ کے ترجمان کے مطابق بندرگاہ پر مجموعی طور پر ایک لاکھ ایک ہزار ٹن درآمدی سامان کی ہینڈلنگ مکمل کی گئی، جس میں 50 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد اور 51 ہزار ٹن گندم شامل ہے۔ گندم اتارنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ دونوں جہازوں کی بیک وقت ہینڈلنگ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی انتظامی اور آپریشنل صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری اشیا کی بروقت ترسیل ملک میں غذائی تحفظ برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے، جبکہ بندرگاہوں پر کارگو ہینڈلنگ کی استعداد میں اضافہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ کراچی پورٹ ملکی تجارت اور سپلائی چین کے نظام میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بندرگاہ کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور سامان کی ترسیل و ہینڈلنگ کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.