بھارت نے 1971 میں بنگالیوں کی مدد نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کیا: اسپیکر بنگلادیشی پارلیمنٹ
بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ 1971 کی جنگ میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی معاونت کرنا نہیں تھا، بلکہ اس نے محض پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے مداخلت کی تھی۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران بنگلادیش عملاً پڑوسی ملک کی ایک کالونی بن کر رہ گیا تھا، جس کی وجہ سے بنگلادیشی عوام شدید مشکلات اور دباؤ کا شکار تھے۔
سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ وطن واپس آئیں تو ان کا سیدھا ٹھکانہ جیل ہوگا۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد نے ایک مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے، اور اگر بھارت نے انہیں ہمارے حوالے نہ کیا تو بنگلادیش اس معاملے کو بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں لے کر جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حسینہ واجد کے واپسی کے بیانات محض اپنے حامیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ہیں، حقیقت میں وہ اگلے دس سال تک بنگلادیش کا رخ نہیں کریں گی۔
حافظ الدین احمد نے عوامی لیگ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ بنگلادیشی حکومت اس جماعت پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگالی قوم جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی طرح کی آمریت کو قبول نہیں کر سکتی؛ ہم نے 1971 میں بھی جمہوری حقوق کا ہی مطالبہ کیا تھا جن سے ہمیں محروم رکھا گیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.