کیا آپ روزانہ ٹی وی یا اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کے نقصانات جانتے ہیں؟

کیا آپ دن کا زیادہ تر حصہ ٹیلی ویژن یا اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں؟ اگر ہاں، تو یہ عادت آپ کو رات کو کئی بار بیت الخلا جانے پر مجبور کر سکتی ہے۔ یہ بات چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ وینزو میڈیکل یونیورسٹی کی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ جو لوگ دن میں 5 گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت ٹی وی کے سامنے گزارتے ہیں یا مختلف ڈیوائسز پر ویڈیوز دیکھتے ہیں انہیں رات کو زیادہ کثرت سے پیشاب کرنے کے لیے ٹوائلٹ جانا پڑتا ہے۔ اس عارضے کو طبی زبان میں نوکٹوریا کہتے ہیں۔ اس تحقیق میں 20 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 13,000 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق میں شامل تقریباً ایک تہائی لوگوں نے نوکٹوریا کی شکایت کی جس کی وجہ سے وہ رات کو دو یا اس سے زیادہ بار بیت الخلا جاتے تھے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ دن میں 5 گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت ٹی وی یا اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں ان میں نوکٹوریا ہونے کا خطرہ 48 فیصد بڑھ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں لوگوں کو اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کی عادت پڑتی جارہی ہے اس لیے اس عادت کے صحت پر اثرات کو جاننا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ دن میں زیادہ وقت ٹی وی یا ویڈیوز دیکھنے میں گزارنے سے نوکٹوریا میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کو ایک بار پیشاب کرنے کے لیے اٹھنا تشویشناک بات نہیں لیکن اگر کئی بار ایسا ہو جائے تو نیند متاثر ہوتی ہے جس کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ محققین کے مطابق جو لوگ دن میں کئی گھنٹے اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں ان میں ٹائپ ٹو ذیابیطس ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو کہ پیشاب کی زیادتی کا باعث بھی بنتا ہے۔ اسی طرح جو لوگ ٹی وی دیکھتے ہیں وہ زیادہ پانی یا دیگر مشروبات پیتے ہیں جبکہ ان کی نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے جس سے رات کو بار بار پیشاب آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج جرنل نیورولوجی میں شائع ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں