امریکا میں زیرِ زمین کیبل کٹنے سے فضائی نظام متاثر، ہزاروں پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ
امریکی ریاست نیو جرسی میں تعمیراتی کام کے دوران اہم فائبر آپٹک کیبل کٹنے سے فضائی ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوگیا، جس کے نتیجے میں متعدد بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔
حکام کے مطابق واقعہ نیو جرسی میں ریل آپریٹر ایمٹرک کے تعمیراتی کام کے دوران پیش آیا، جہاں کھدائی کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر سے منسلک اہم فائبر آپٹک کیبل کو نقصان پہنچا۔
کیبل متاثر ہونے کے بعد نیویارک اور گردونواح کے فضائی نیٹ ورک میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث ملک کے 8 بڑے ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ سیکڑوں پروازوں میں تاخیر ہوئی، بعض پروازوں کی تاخیر 170 منٹ تک ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق فائبر آپٹک کیبل کٹنے سے فلاڈیلفیا ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریڈیو فریکوئنسیز بھی متاثر ہوئیں، جس کے بعد نیویارک، فلاڈیلفیا اور ٹیٹربورو ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمد و رفت محدود کرنے کے ہنگامی اقدامات کیے گئے۔
متعلقہ ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر خطے کے اہم ہوائی اڈوں پر پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے، جس کی وجہ سے تکنیکی خرابی کے اثرات وسیع پیمانے پر محسوس کیے گئے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.