“لودھراں میں میں ڈیجیٹل پروگرام کے تحت دیہی بچیوں کو بااختیار بنانے کا آغاز”
لودھراں (خبر نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژنری انیشیٹو “میں ڈیجیٹل” پروگرام کے تحت ضلع لودھراں کی دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی 124 ہونہار خواتین میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کیے گئے۔ اس سلسلے میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
، جس میں صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن ورکس، قانون و پارلیمانی امور ملک صہیب احمد بھرتھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے سکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ بھی بطور مہمانِ اعزاز موجود تھے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر، ڈی پی او علی بن طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی سمیت ضلعی انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور منتخب طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت منعقدہ اس پروگرام کا مقصد دیہی خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کر کے بااختیار بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک صہیب بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی بیٹیوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں کے دیہی علاقوں کی طالبات نے اپنی صلاحیت اور محنت سے یہ اعزاز حاصل کیا۔
، جو کسی بھی قسم کی سفارش کے بغیر خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی حقدار ٹھہریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ “میں ڈیجیٹل” پروگرام کے تحت دیے جانے والے کمپیوٹرز کی مالیت فی کس تقریباً اڑھائی لاکھ روپے ہے، جن میں یو پی ایس کی سہولت بھی موجود ہے تاکہ بجلی کی بندش کے باوجود سیکھنے کا عمل متاثر نہ ہو۔ ملک صہیب بھرتھ نے لودھراں کو ایک تاریخی اہمیت کا حامل ضلع قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ضلع کو 40 ملین روپے کی گرانٹس بھی جاری کی گئی ہیں۔
، جس سے علاقے کی پسماندگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔چیئرمین ٹاسک فورس عدنان افضل چٹھہ نے خطاب میں کہا کہ یہ پنجاب کی بیٹیوں کے لیے باعثِ فخر ہے کہ ان کی وزیراعلیٰ ایک باہمت اور وژنری خاتون ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ “میں ڈیجیٹل” پروگرام کے تحت خواتین کو چھ ماہ کی جامع تربیت فراہم کی جائے گی،۔
جس کے ابتدائی 6 ہفتوں میں انگریزی زبان کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ عالمی مارکیٹ میں آن لائن روزگار حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صرف کمپیوٹر دینا نہیں، بلکہ خواتین کو ایک باعزت، خودمختار اور ڈیجیٹل شہری بنانا ہے، جو خود کما سکیں اور اپنے خاندان کو سہارا دے سکیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے خطاب میں کہا کہ لودھراں کی بیٹیوں کو وزیراعلیٰ مریم نواز نے جو پلیٹ فارم دیا ہے، وہ ان کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام سے دیہی بچیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا اور وہ مستقبل میں نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک کا بھی نام روشن کریں گی۔
تقریب کے اختتام پر ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی باقاعدہ تقسیم کی گئی، جس پر بچیوں اور ان کے والدین کی آنکھوں میں خوشی اور اعتماد جھلک رہا تھا۔ “میں ڈیجیٹل” پروگرام کے تحت لودھراں پنجاب کا پانچواں ضلع ہے جہاں یہ انقلابی منصوبہ نافذ کیا گیا ہے، اور آئندہ مرحلوں میں مزید اضلاع بھی اس سے مستفید ہوں گے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں