وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب قطر ترکیہ دورہ: اہم سفارتی ملاقاتیں شیڈول

وزیراعظم آج سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اورترکیہ کے سرکاری دورے کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم سرکاری دورے کریں گے، جن کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب اور قطر کے دورے دوطرفہ نوعیت کے ہوں گے، جہاں وزیراعظم متعلقہ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون کے فروغ، اقتصادی شراکت داری اور خطے میں امن و سلامتی کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ میں منعقد ہونے والے پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ عالمی رہنماؤں کے ہمراہ لیڈرز پینل میں شریک ہو کر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خبر کی تفصیل کے لیے لنک پر کلک کریں۔