“خالدنے سلیم کوگولی ماری،زخمی آرایچ سی رنگ پورمیں دم توڑگیا،ملزم فرار،مقدمہ درج”
ملتان ( سپیشل رپورٹر)رنگ پور میں غیرت کے نام پر قتل کی لرزہ خیز واردات،قاتل موقع سے فرار،6 افراد کے خلاف مقدمہ درج،مدعی مقدمہ الطاف حسین ولد عاشق حسین سکنہ موضع سید پور،رنگپور کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق وہ گزشتہ شب اپنے گھر واقع موضع سید پور میں اپنے بھائی محمد سلیم اور رشتے داروں ناصر عباس اور حسن عباس کے ہمراہ موجود تھا کہ اچانک ملزم محمد خالد مسلح بہ ریپیٹر 12 بور اپنے ساتھی ملزمان محمد شہزاد، محمد ماجد،ممتاز احمد،عاشق حسین اور ایک نامعلوم شخص جو سوٹوں سے مسلح تھے کے ہمراہ گھر میں گھس آیا اور بھائی محمد سلیم کو للکارا کہ آج وہ اسے نہیں چھوڑے گا اور ریپیٹر سے محمد سلیم پر سیدھا فائر کیا جو سلیم کی بائیں آنکھ پر لگا، دیگر ملزمان نے اس پر سوٹوں سے وار کرنے شروع کر دیئے،مدعی مقدمہ نے موقع پر موجود اپنے عزیزوں کی مدد سے اپنے بھائی کو چھڑانے کی کوشش کی تو ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے،مدعی مقدمہ نے اپنے عزیزوں کی مدد سے زخمی سلیم کو آر ایچ سی رنگپور پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،وجہ عناد یہ ہے کہ ملزم محمد شہزاد اپنی بہن کے ساتھ مقتول محمد سلیم کے تعلقات کا شک کرتا تھا، پولیس تھانہ رنگ پور نے مقتول محمد سلیم کے بھائی الطاف حسین کی مدعیت میں 5 نامزد اور ایک نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔