بی زیڈ یو کانووکیشن 2025: گورنر پنجاب کی خصوصی شرکت، 341 طلبہ گولڈ میڈلسٹ قرار

بی زیڈ یو کانووکیشن 2025، ڈیجیٹل ترقی اور طلبہ سہولت مرکز کی پذیرائی

ملتان( خصوصی رپورٹر )بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے 19ویں سالانہ کانووکیشن 2025 کی تقریب جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجہیہ قمر، وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال، ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر، ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، ڈینز، چیئرمین، اساتذہ، والدین، اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں ڈگری حاصل کرنے والے تمام طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ ڈگری کسی منزل کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔
“یہ وقت آرام کا نہیں بلکہ ملک کی ترقی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا ہے۔ اب آپ نے خود کو بھی منوانا ہے اور اپنے ملک کا نام بھی روشن کرنا ہے۔”
انہوں نے والدین اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی اُن کی قربانیوں اور محنتوں کی مرہونِ منت ہے۔
“جتنا فخر آج طلبہ کو ہونا چاہیے، اتنا ہی ان والدین اور اساتذہ کو بھی ہونا چاہیے جنہوں نے اپنا سب کچھ لگا کر آپ کو اس مقام تک پہنچایا۔”
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور یہی نوجوان قوم کی ترقی کی بنیاد ہیں۔
“یہ نوجوان کسی بھی قوم سے کم نہیں، بس انہیں سمت، اعتماد، اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔”
گورنر پنجاب اور دیگر مہمانوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال کی چھ ماہ کی قلیل مدت میں کیے گئے اقدامات کو سراہا، جن میں شامل ہیں:
• اسٹوڈنٹ فسیلیٹیشن سنٹر کا قیام، جہاں طلبہ کے تمام مسائل ایک چھت تلے حل کیے جا رہے ہیں
• جامعہ کی ڈیجیٹلائزیشن
• جدید اور مؤثر طریقے سے میڈلز کی تقسیم
• سولر انرجی سسٹم کے ذریعے بجلی کے بل میں 17 فیصد کمی
• ون ونڈو سروس، جس سے طلبہ کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتے

گورنر نے اس ماڈل کو پنجاب کی دیگر جامعات میں بھی نافذ کرنے پر زور دیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشونما کے لیے ناگزیر ہیں۔
“جب ہم یونیورسٹی میں تھے تو کھیلوں کے باقاعدہ ٹورنامنٹس ہوتے تھے، اب ان کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا۔”
انہوں نے وائس چانسلر کو ہدایت دی کہ جامعہ زکریا کی اپنی سپورٹس ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور دیگر جامعات کو بھی اس کی تلقین کی جائے۔
گورنر پنجاب نے جامعہ زکریا کو 50 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ یہ ادارہ آئندہ سالوں میں قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید ترقی کرے گا۔
کانووکیشن میں سیشن 2021 اور 2022 کے 341 گولڈ میڈلسٹ طلبہ و طالبات میں میڈلز تقسیم کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 11,654 طلبہ کو ڈگریاں عطا کی گئیں.
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال نے گورنر پنجاب اور وفاقی وزیر مملکت وجہیہ قمر کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔
آخر میں گورنر پنجاب نے نوجوانوں کو پیغام دیا:
“ملک کی ترقی کے لیے ہمیں رکنا نہیں، آگے بڑھنا ہے، محنت کرنی ہے اور کبھی ہمت نہیں ہارنی—یہی اصل کامیابی
اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال نے کہا کہ اپنے چھ ماہ کے قلیل عرصے میں انہوں نے بی زیڈ یو کو ڈیجیٹلائزیشن کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے اسٹوڈنٹ فسیلیٹیشن سنٹر قائم کیا ہے جہاں طلبہ کے تمام مسائل کو ایک چھت کے نیچے حل کیا جا رہا ہے

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں